بجلی صارفین کے لیے سہولت کے پیش نظر ملک بھر میں بجلی کے بل کا نیا اور آسان فارمیٹ متعارف کرا دیا گیا ہے۔ پاور ڈویژن کے مطابق نئے بل میں صارفین کے لیے ضروری معلومات کو زیادہ واضح اور نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن نے بتایا کہ نئے بل فارمیٹ میں قابلِ ادائیگی رقم، بل جمع کرانے کی آخری تاریخ اور استعمال شدہ یونٹس کی تفصیل نمایاں طور پر درج ہوگی تاکہ صارفین کو بل سمجھنے میں آسانی ہو۔
حکام کے مطابق پرانے بل کے فارمیٹ پر صارفین کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں جن میں بل کی معلومات پیچیدہ ہونے اور اہم تفصیلات تلاش کرنے میں مشکلات کا اظہار کیا گیا تھا۔ صارفین کی آراء اور شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے بل کو ازسرِنو ڈیزائن کیا گیا ہے۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے فارمیٹ میں غیر ضروری معلومات اور پیچیدگی کم کر دی گئی ہے جبکہ اہم تفصیلات کو منظم انداز میں شامل کیا گیا ہے تاکہ صارفین فوری طور پر اپنے بل کی بنیادی معلومات دیکھ سکیں۔
نئے بجلی بل میں صارفین کو بجلی کے استعمال ادائیگی کی رقم، مقررہ تاریخ اور دیگر ضروری تفصیلات زیادہ آسان انداز میں دستیاب ہوں گی جس سے بل سے متعلق شکایات میں کمی آنے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام بجلی کے شعبے میں صارفین کی سہولت، شفافیت اور معلومات تک آسان رسائی بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے