وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق جلد اچھی خبر سامنے آسکتی ہے حکومت اس وقت عالمی منڈی میں تیل کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حالیہ عرصے میں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، جس کا براہِ راست اثر پاکستان سمیت کئی ممالک کے عوام پر پڑا اور گھریلو بجٹ متاثر ہوا تاہم اب صورتحال میں بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ تین ماہ کی کم ترین سطح پر آ چکی ہیں، جو ایک مثبت پیش رفت ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ رجحان برقرار رہتا ہے تو حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا موقع مل سکتا ہے، تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
وزیر پیٹرولیم کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر یہ توقع بھی ظاہر کی جا رہی ہے کہ ایران کا خام تیل دوبارہ بڑی مقدار میں عالمی منڈی میں دستیاب ہوگا، جس کے بعد سپلائی میں اضافہ ہوگا اور قیمتوں میں مزید کمی کا رجحان پیدا ہو سکتا ہے، یہی امید تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کا سبب بن رہی ہے۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے اور توانائی کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ استحکام لایا جائے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی واضح ہدایت ہے کہ جب بھی ممکن ہو عوام کو ریلیف دیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی پالیسیوں اور کوششوں کو بھی عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، جو ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے میں کردار ادا کر رہی ہیں۔
اگر عالمی منڈی میں موجودہ رجحان برقرار رہا تو آئندہ قیمتوں کے جائزے میں عوام کو نمایاں ریلیف ملنے کا امکان ہے، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔