اسحاق ڈار کا چینی وزیر خارجہ سے رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار کا چینی وزیر خارجہ سے رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد پاکستان اور چین نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن اور استحکام کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے چینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں علاقائی صورتحال اور سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران چینی وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے معاملے پر پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امن کے لیے اہم کوششیں کی ہیں۔ چینی قیادت نے عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمت کے عمل میں چین کی حمایت کو سراہا اور کہا کہ پاک چین تعاون نے علاقائی امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پاک چین پانچ نکاتی اقدام کا بھی ذکر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

 یہ بھی پڑھیں :امریکا، ایران مفاہمت، پاکستان کا پیش رفت کا گرمجوشی سےخیرمقدم، یہ ایک تاریخی لمحہ ہے، اسحاق ڈار

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمت پر مؤثر عمل درآمد کے لیے تمام فریقین کے درمیان مسلسل رابطے برقرار رہنے چاہئیں۔ گفتگو میں خطے میں امن، استحکام اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

نائب وزیراعظم اور چینی وزیر خارجہ نے عالمی تجارت کے لیے آبنائے ہرمز کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام نہ صرف علاقائی ممالک بلکہ پوری دنیا کی معاشی سرگرمیوں کے لیے ضروری ہے کیونکہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے۔

editor

Related Articles