ڈیجیٹل دور میں جہاں ذاتی معلومات، بینکنگ تفصیلات اور اہم دستاویزات آن لائن محفوظ ہیں، وہیں سائبر جرائم میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، ماہرین کے مطابق کمزور اور آسان پاس ورڈز ہیکرز کے لیے سب سے آسان ہدف ہوتے ہیں اور یہی آن لائن اکاؤنٹس ہیک ہونے کی بڑی وجہ بنتے ہیں۔
ایک ہی پاس ورڈ کا بار بار استعمال خطرناک
سائبر ماہرین کے مطابق بہت سے صارفین سہولت کے لیے ایک ہی پاس ورڈ تمام اکاؤنٹس میں استعمال کرتے ہیں جو انتہائی خطرناک عادت ہے اگر کسی ایک ویب سائٹ یا ایپ کا ڈیٹا لیک ہو جائے تو ہیکرز اسی پاس ورڈ کے ذریعے دیگر اکاؤنٹس تک بھی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
جدید ہیکنگ ٹیکنالوجی کیسے کام کرتی ہے
ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید دور میں پاس ورڈ کریکنگ سافٹ ویئر اور ہیکنگ ٹولز بہت طاقتور ہو چکے ہیں جو چند لمحوں میں لاکھوں بلکہ اربوں ممکنہ پاس ورڈز آزما سکتے ہیں۔ اس وجہ سے مختصر اور عام پاس ورڈ اب محفوظ نہیں رہے۔
مضبوط پاس ورڈ کی لمبائی کتنی ہونی چاہیے
سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق پاس ورڈ کم از کم 13 سے 20 حروف پر مشتمل ہونا چاہیے۔ جتنا طویل اور پیچیدہ پاس ورڈ ہوگا اسے توڑنا اتنا ہی مشکل ہوگا اور اکاؤنٹ زیادہ محفوظ رہے گا۔
مضبوط پاس ورڈ کی خصوصیات
ایک مؤثر پاس ورڈ میں بڑے اور چھوٹے حروف، اعداد اور خصوصی علامات جیسے @، #، !، % شامل ہونا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عام الفاظ، آسان پیٹرن اور ذاتی معلومات سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ آسانی سے اندازہ لگائے جا سکتے ہیں۔
یاد رکھنے کا آسان مگر محفوظ طریقہ
ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ کسی پسندیدہ شعر، جملے یا محاورے کے ابتدائی حروف کو ملا کر منفرد پاس ورڈ بنایا جا سکتا ہے۔ اس طریقے سے پاس ورڈ مضبوط بھی ہوتا ہے اور یاد رکھنا بھی آسان رہتا ہے۔
ہر اکاؤنٹ کے لیے الگ پاس ورڈ ضروری ہے
سائبر ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ ہر اکاؤنٹ کے لیے الگ پاس ورڈ استعمال کرنا لازمی ہے۔ خاص طور پر ای میل، سوشل میڈیا اور بینکنگ اکاؤنٹس کے لیے ایک جیسا پاس ورڈ استعمال کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
اضافی سیکیورٹی کے جدید طریقے
ماہرین کے مطابق مضبوط پاس ورڈ کے ساتھ دو مرحلہ جاتی تصدیق استعمال کرنا بھی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ پاس ورڈ مینیجرز کی مدد سے پیچیدہ پاس ورڈ محفوظ طریقے سے رکھے جا سکتے ہیں۔
آن لائن دنیا میں محفوظ رہنے کے لیے مضبوط، طویل اور منفرد پاس ورڈ کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے معمولی احتیاطی تدابیر اپنا کر صارفین سائبر حملوں اور ڈیٹا چوری کے خطرات کو بڑی حد تک کم کر سکتے ہیں۔