آزاد کشمیر میں سرگرم کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو ایک اور بڑا دھچکا اس وقت لگا جب تنظیم کے کور ممبر انجم زمان اعوان اور کوٹلی سے جمیل احمد نے ویڈیو پیغام کے ذریعے کمیٹی سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
اپنے ویڈیو بیان میں انجم زمان اعوان نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مثبت اور تعمیری سیاست کی طرف واپس آئیں اور ایسے نعروں اور سرگرمیوں سے دور رہیں جن سے خطے میں انتشار اور بے یقینی کو فروغ ملتا ہو۔
نوجوانوں کو پیغام
انہوں نے کہا کہ بحیثیت کور ممبر وہ نوجوانوں کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ علیحدگی اور خودمختاری کے بعض نعروں کے پیچھے پاکستان دشمن قوتیں سرگرم ہیں جو نوجوانوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہیں ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں اور ان کے پس پشت ایسے مفادات کارفرما ہیں جو خطے کے امن اور استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔
انجم زمان اعوان نے کہا کہ تحریک کا بنیادی مقصد پرامن جدوجہد تھا، تاہم بعد میں اس کا رخ تبدیل کر دیا گیا اور نوجوانوں کو قانون شکنی اور تصادم کی راہ پر ڈالنے کی کوشش کی گئی جس سے ان کے مستقبل کو نقصان پہنچا
🚨کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر انجم زمان اعوان کا ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان۔ pic.twitter.com/vXPctgbevM
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی موجودہ پالیسیوں اور طرز عمل سے مکمل لاتعلقی اختیار کرتے ہیں اور نوجوانوں سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ کسی ایسے گروہ یا تنظیم کا حصہ نہ بنیں جس کے ایجنڈے میں پاکستان دشمنی یا انتشار شامل ہو۔
واضح رہے کہ انجم زمان اعوان سے قبل کمیٹی کے ایک اور کور ممبر امجد علی خان ایڈووکیٹ بھی تنظیم سے علیحدگی اور لاتعلقی کا اعلان کر چکے ہیں۔
کالعدم کمیٹی کے اہم ارکان کی جانب سے مسلسل سامنے آنے والے بیانات سے کمیٹی کے دہشتگردانہ رویہ واضح طور پر سامنا ہے کہ اس کی سرگرمیاں ریاست کے خلاف ہیں جس کے باعث لوگ اسے چھوڑ کرجارہے ہیں ۔
عوامی ایکشن کمیٹی کے متحرک رکن محمد جمیل کا تنظیم سے لاتعلقی کا اعلان
آزاد کشمیر میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو اس وقت ایک اور بڑا سیاسی جھٹکا لگا جب اس کے کوٹلی سے متحرک رکن محمد جمیل نے بھی ویڈیو بیان کے ذریعے کمیٹی سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
محمد جمیل کا ویڈیو بیان.
اپنےویڈیو بیان میں محمد جمیل نے کہا کہ وہ ابتدا میں عوامی حقوق کی تحریک کا حصہ تھے اور پرامن جدوجہد کے حامی رہے ہیں، تاہم اب یہ کمیٹی اپنے ابتدائی منشور سے ہٹ کر ریاست مخالف راستہ اختیار کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی کو بعض عناصر ورغلا کر راولا کوٹ لے جا رہے تھے جس پر انہیں شدید تحفظات ہیں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں کمیٹی کا کردار ان کے لیے قابل قبول نہیں رہا اور وہ کسی بھی ایسے بیانیے یا سرگرمی کا حصہ نہیں بن سکتے جو ریاست کے خلاف ہو۔
میرا انتشاری کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں، محمد جمیل
محمد جمیل نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اور ان کا خاندان کسی بھی قسم کے انتشاری یا منفی ایجنڈے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اور آئندہ اس تنظیم سے کسی قسم کا تعلق نہیں رکھیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ اب اس تنظیم کے کسی بھی پروپیگنڈے یا سرگرمی کا حصہ نہیں ہیں اور باقاعدہ طور پر اس سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں بیان کے اختتام پر محمد جمیل نے پاکستان زندہ باد اور آزاد کشمیر پائندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔