سوات، سیف اللہ جھیل میں کشتی الٹنے سے ایک ہی خان کے 6 افراد جاں بحق

سوات، سیف اللہ جھیل میں کشتی الٹنے سے ایک ہی خان کے 6 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا کے خوبصورت سیاحتی مقام سیف اللہ جھیل میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق جبکہ تین افراد لاپتہ ہو گئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو اور پولیس کی ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ذرائع کے مطابق یہ حادثہ سوات کے علاقے مہوڈنڈ سے تقریباً دو گھنٹے کی مسافت پر واقع سیف اللہ جھیل میں پیش آیا، جہاں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد ملاح سمیت کشتی میں سوار تھے۔ کشتی جھیل کے وسط میں پہنچی تو اچانک حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں تمام افراد پانی میں ڈوب گئے۔

ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے شدید زخمی ملاح کو پانی سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کر دیا، جبکہ ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے چھ افراد کی لاشیں مہوڈنڈ کے مقام سے برآمد کر لی گئیں۔

پولیس کے مطابق کشتی میں سوار مزید تین افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیموں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :  فیول ریلیف پروگرام کے تحت 2 ہزار روپے کی ادائیگی شروع ہوگئی، ابھی چیک کریں 

برآمد ہونے والی لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد کالام اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

اس افسوسناک حادثے پر علاقے میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ جھیلوں اور آبی مقامات پر سیر و تفریح کے دوران حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔

Related Articles