ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی حسینی خامنہ ای کی نماز جنازہ کیلیے انتظامات کی تیاریاں جاری ہیں، انکا جسد خاکی تہران کےجنوبی علاقے میں واقع امام خمینی حسینیہ منتقل کردیا گیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی ) کی رپورٹ کے مطابق ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی تجہیز و تدفین کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز 3 جولائی سے ہو رہا ہے جو9 جولائی تک جاری رہیں گی۔
سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی تدفین کی تقریبات کے منتظمین نے ایران اور عراق میں کئی تقریبات کا اعلان کیا ہے، ایران نے 13 جون کو جنازے اور تدفین کے منصوبوں کے بارے میں بتایا تھا۔ یہ اعلان 28 فروری کو امریکی اور اسرائیلی حملے میں خامنہ ای کی ہلاکت کے لگ بھگ تین ماہ بعد کیا گیا تھا۔
3 جولائی، بین الاقوامی خراج عقیدت کی تقریب
آج 3 جولائی کو بین الاقوامی خراجِ عقیدت کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں دُنیا کے مختلف ممالک کے رہنما ایک خصوصی تقریب میں خامنہ ای کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ غیر ملکی عوامی وفود کیلئے تقریبات کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے ہو گا جبکہ دیگر ممالک کے اعلی حکام دوپہر دو بجے اُنھیں خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔
4،5 جولائی: ایران میں عوامی الوداعی تقریب
تہران کے بڑے مذہبی و ثقافتی مرکز ’گرینڈ مصلیٰ‘ میں دو روزہ سوگواری کی تقریب منعقد کی جائے گی، چار جولائی کو مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے دروازے کھولے جائیں گے اور پانچ جولائی کو رات آٹھ بجے بند کر دیے جائیں گے۔ مرکزی نمازِ جنازہ پانچ جولائی کی صبح ادا کی جائے گی۔
خامنہ ای کے علاوہ، ان کی صاحبزادی بشریٰ حسینی خامنہ ای، بہو زہرا حداد عادل (مجتبیٰ خامنہ ای کی اہلیہ)، داماد مصباح الہدیٰ باقری اور پوتی/نواسی زہرا محمدی کے تابوت بھی سوگواروں کے لیے رکھے جانے کی توقع ہے۔
6 جولائی: تہران میں جنازے کا جلوس
یہ جلوس مقامی وقت کے مطابق صبح چھ شروع ہوگا، منتظمین نے دارالحکومت میں پھیلے ہوئے ایک راستے کا انتخاب کیا ہے کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ متوقع ہجوم کے لیے کوئی ایک سڑک کافی نہیں ہوگی لہذا حکام کو امید ہے کہ یہ تقریب شام تک اختتام پذیر ہو جائے گی۔
7 جولائی: قم میں جنازے کا جلوس
یہ تقریب ایران کے مذہبی مرکز میں مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً پانچ بجے شروع ہو گی جس میں جمکران مسجد کے اندر ایک سینئر عالمِ دین نماز کی امامت کریں گے۔
عراق میں ایران کے ثقافتی اتاشی، غلام رضا اباذری نے بتایا کہ میت سات جولائی کی شام نجف پہنچے گی۔ میت کی ایران واپسی سے قبل، آٹھ جولائی کو نجف میں مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے اور کربلا میں سہ پہر چار بجے جنازے کے جلوس نکالے جائیں گے۔
9 جولائی: مشہد میں تدفین
آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین شمال مشرقی شہر مشہد میں واقع اہل تشیع مسلک کے آٹھویں امام، امام رضا کے مزار پر کی جائے گی۔
یاد رہے کہ آیت اللّٰہ خامنہ ای کو امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو تہران پر بمباری کرکے شہید کردیا تھا، حملے میں آیت اللّٰہ خامنہ ای کی بہو اور موجودہ سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی اہلیہ بھی شہید ہوئی تھیں۔