عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی نمایاں طور پر دیکھنے میں آئے جہاں جمعہ کے روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 12 ہزار 200 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 122 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 185 ڈالر فی اونس تک جا پہنچی جس کے نتیجے میں ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کے نرخ نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 12 ہزار 200 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے کا ہوگیا جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 10 ہزار 459 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 78 ہزار 31 روپے تک پہنچ گئی۔
اس سے ایک روز قبل بھی سونے کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا تھا جب جمعرات کے روز فی تولہ سونا 9 ہزار 100 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 28 ہزار 736 روپے پر پہنچ گیا تھا۔ اس طرح صرف دو روز کے دوران فی تولہ سونا مجموعی طور پر 21 ہزار 300 روپے مہنگا ہوچکا ہے جو حالیہ عرصے کا ایک غیر معمولی اضافہ تصور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 319 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 764 روپے کی سطح پر پہنچ گئی جس سے زیورات اور قیمتی دھاتوں کی خریداری مزید مہنگی ہوگئی ہے۔
عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتی ہوئی دلچسپی اور بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ سونے کی قیمتوں میں تیزی کی اہم وجوہات ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ خارج از امکان نہیں۔