پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے جہاں وہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تعزیتی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
تہران کے ہوائی اڈے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اپنے دورۂ ایران کے دوران ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات خطے کی مجموعی سلامتی، دفاعی تعاون، سرحدی امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایرانی عوام اور قیادت سے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کریں گے اور پاکستان کی جانب سے ہمدردی اور یکجہتی کے جذبات کا اظہار بھی کریں گے۔
ایران میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین کی تقریبات میں دنیا بھر سے اعلیٰ سطح کے وفود اور رہنما شریک ہو رہے ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق ان تقریبات کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔