جنوبی وزیرستان کے علاقے برمل میں فتنہ الخوارج کی بزدلانہ حرکت ، عام شہری آبادی پر کواڈ کاپٹر حملے میں 3 مقامی افراد شہید، 4 شدید زخمی ہوگئے، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، جنوبی وزیرستان کے علاقے برمل میں مسمی محمد گل نامی شخص کے گھر پر خوارج نے ڈرون حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد شہید جبکہ 4 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
زخمی افراد کو فوری طور پر علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز کی مسلسل بڑی کامیابیوں نے خوارج کو بوکھلاہٹ میں مبتلا کر دیا ہے، جس کے باعث وہ اپنی ناکامی کا کو چھپانے کے لیے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
فتنہ الخوارج کی جانب سے معصوم شہریوں، بچوں اور خواتین کو مسلسل نشانہ بنایا جانا اس حقیقت کو آشکار کرتا ہے کہ یہ عناصر نہ صرف ریاست بلکہ عام عوام کے بھی دشمن ہیں ۔
بے گناہ لوگوں کے گھروں پر حملے، بچوں کی جانیں لینا اور شہری آبادی میں خوف پھیلانا ان کی انسان دشمن سوچ اور سفاک طرزِ عمل کی واضح عکاسی کرتا ہے ۔
یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر اس امر کی یاد دہانی ہے کہ دہشت گردی کا سب سے بڑا نشانہ عام شہری بنتے ہیں، ایسے حملے نہ کسی مذہب، نہ کسی قانون اور نہ ہی کسی انسانی قدر کے مطابق ہیں ۔
لہٰذا اب وقت آ گیا ہے کہ مقامی عوام دہشت گرد عناصر کی ہر قسم کی سہولت کاری اور پشت پناہی کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں، تاکہ ایسے دہشت گردوں کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جا سکے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔