ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے شہید رہبرِ اعلیٰ کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کرے گی۔
اپنے بیان میں صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ شہید رہبرِ اعلیٰ نے اپنی پوری زندگی عوام کی خدمت، قومی خودمختاری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے استحکام کے لیے وقف کی،انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ایرانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور حکومت ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید رہبر کے افکار اور اہداف کی تکمیل کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی اور عوامی خدمت کے سفر کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
دوسری جانب قدس فورس کے سربراہ نے اپنے بیان میں کہا کہ شہید رہبرِ اعلیٰ نے اپنی پوری زندگی عوام کی فلاح، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور خطے کے مظلوم عوام کی حمایت کے لیے جدوجہد کی، انہوں نے کہا کہ شہید رہنما کے نظریات اور اصول آئندہ نسلوں کے لیے بھی رہنمائی کا ذریعہ رہیں گے۔
ایرانی نائب صدر نے بھی شہید رہبرِ اعلیٰ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے احکامات اور رہنمائی پر عمل کرنا ہر ذمہ دار عہدیدار اور ہر شہری کی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی، قومی وحدت اور استحکام کے لیے ان تعلیمات پر عمل درآمد جاری رکھا جائے گا۔
ایرانی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور قومی خودمختاری، عوامی خدمت اور ترقی کے سفر کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔