موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع،این ڈی اے ایم کا الرٹ جاری

موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع،این ڈی اے ایم کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں آئندہ دنوں کے دوران بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے اور موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کل سے 10 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں موسمی صورتحال تبدیل رہے گی اور بارشوں کا ایک نیا سلسلہ داخل ہونے کی توقع ہے۔

ترجمان کے مطابق کل سے شمالی پاکستان میں ایک فعال موسمی سسٹم داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں 7 سے 10 جولائی کے دوران مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

بیان کے مطابق کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں بارش متوقع ہے جبکہ پوٹھوہار ریجن اور شمال مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :این ڈی ایم اے کا پہاڑی اوربالائی علاقوں کے لیے الرٹ جاری

این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ دریائے سندھ، جہلم اور ان سے ملحقہ علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔ اسی طرح دریائے چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں احتیاط کی ضرورت ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں اور ڈیموں میں پانی کی آمد میں معمولی اضافہ متوقع ہے، تاہم اس وقت بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ موجود نہیں۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے باعث حساس علاقوں اور نشیبی مقامات پر مقامی سیلاب اور پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔

شہری علاقوں میں بھی شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس پر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

editor

Related Articles