ایران نے دارالحکومت تہران کی فضائی حدود شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے جنازے کی سرکاری تقریبات کے باعث مکمل طور پر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کو ہونے والی تقریبات کے دوران پروازوں پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی تھی تاہم سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے جاری شیڈول کے تحت آج تہران کے مہر آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تمام معمول کی پروازیں معطل رہیں گی تاکہ دارالحکومت میں عوامی تقریبات کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔
منگل کے روز مہر آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ معمول کے مطابق اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دے گا جبکہ امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ بدستور بند رہے گا، 9 جولائی کو شمال مشرقی شہر مشہد کی فضائی حدود بھی مکمل طور پر بند کر دی جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہید ہاشمی نژاد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی آخری تقریب کے دوران تمام فضائی آپریشن معطل رہیں گے، 7 اور 8 جولائی کے دوران ملک کے دیگر حصوں میں پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
دوسری جانب شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات کے موقع پر تہران کے میٹرو نیٹ ورک پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جہاں چند گھنٹوں کے دوران 70 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہفتے کی شام ساڑھے پانچ بجے سے اتوار کی صبح سات بجے تک تہران میٹرو کے ذریعے 70 لاکھ سے زیادہ افراد نے مختلف اسٹیشنوں کے درمیان سفر کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شہید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں ایران کے اعلیٰ حکام، مذہبی شخصیات اور مختلف ممالک کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، جبکہ لاکھوں سوگواروں نے اپنے رہبراعلیٰ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔