بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان نے اپنی دیرینہ دوست گوری سپراٹ کے ساتھ نجی تقریب میں شادی کرلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب اتوار کو ممبئی میں عامر خان کی رہائش گاہ پر سادگی سے منعقد ہوئی، جہاں دونوں نے اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت اپنی شادی رجسٹر کروائی۔ تقریب میں صرف اہل خانہ اور قریبی دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان کے تینوں بچے، جنید خان، آئرہ خان اور آزاد راؤ خان بھی تقریب میں شریک ہوئے، جبکہ خاندان کے دیگر قریبی افراد اور دوستوں نے بھی اس موقع پر شرکت کی۔
عامر خان اور گوری سپراٹ ایک دوسرے کو تقریباً 25 برس سے جانتے ہیں، تاہم 2024 میں دوبارہ رابطہ ہونے کے بعد دونوں کے تعلقات میں قربت آئی، جو بالآخر شادی پر منتج ہوئی۔
اداکار نے مارچ 2025 میں اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی بار گوری سپراٹ کو عوام کے سامنے اپنی گرل فرینڈ کے طور پر متعارف کروایا تھا۔ یہ عامر خان کی تیسری شادی ہے۔ اس سے قبل وہ رینا دتا اور بعد ازاں فلم ساز کرن راؤ سے شادی کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے عامر خان اور گوری سپراٹ کی شادی کی خبریں بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں، جن کی اب باقاعدہ تصدیق سامنے آگئی ہے۔