گروپ کیپٹن کیس، ملزم نے بچنے کے لیے کیا کیا؟ سی سی ٹی وی نے سب دکھا دیا

گروپ کیپٹن کیس، ملزم نے بچنے کے لیے کیا کیا؟  سی سی ٹی وی نے سب دکھا دیا

پاکستان فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق کو شہید کرنے والے  ملزم سعد عباسی کی گرفتاری سے قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے جس میں ملزم واردات کے بعد قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے مختلف حربے استعمال کرتا دکھائی دیتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور نجی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو چند گھنٹوں میں گرفتار کیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق واردات کے فوراً بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا اور شناخت چھپانے کے لیے پہلے اپنے کپڑے تبدیل کیے پھر اپنا موبائل فون بند کر دیا تاکہ اس کی لوکیشن ٹریس نہ کی جا سکے۔ اس کے بعد اس نے شہر سے نکلنے کی کوشش بھی کی تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی۔

ذرائع کے مطابق سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم مختلف مقامات پر الگ الگ انداز میں آتے جاتے دکھائی دیتا ہے جبکہ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے حلیے اور نقل و حرکت میں تبدیلی کے ذریعے پولیس کو چکمہ دینے کی کوشش کر رہا تھا تاہم سیف سٹی اور نجی کیمروں سے حاصل ہونے والی فوٹیج، تکنیکی شواہد اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر اس کا تعاقب جاری رکھا گیا۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق اس ہائی پروفائل کیس کی تحقیقات کے لیے 11 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے 275 سیف سٹی کیمروں اور سیکڑوں نجی سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا۔ اسی مربوط کارروائی کے نتیجے میں ملزم کو واردات کے تقریباً نو گھنٹے بعد گرفتار کر لیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان فضائیہ کے گروپ کیپٹن نے مبینہ طور پر ایک خاتون کو زبردستی لے جانے کی کوشش دیکھ کر مداخلت کی۔ پولیس کے مطابق ملزم نے تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کر دی جس سے گروپ کیپٹن موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ خاتون محفوظ رہی۔ بعد ازاں پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور شواہد کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں:صرف 4,700 روپے ماہانہ قسط پر ہونڈا موٹر سائیکل گھر لے جائیں، خریداروں کے لیے بڑی خوشخبری

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ اس کے ممکنہ سہولت کاروں اور ماضی کے ریکارڈ کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

editor

Related Articles