آزادکشمیر کے عام انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف کو ایک بڑا سیاسی دھچکا

آزادکشمیر کے عام انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف کو ایک بڑا سیاسی دھچکا

پی ٹی آئی کو آزاد کشمیر میں بڑا دھچکا لگ گیا ہے، میرپور کے نائب صدر افتخار طیب استحکامِ پاکستان پارٹی میں شامل ہوگئے ۔

آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف کو ایک بڑا سیاسی دھچکا لگا ہے میرپور ڈویژن میں پارٹی کے نائب صدر افتخار طیب نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑ کر استحکامِ پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

تفصیلات کے مطابق افتخار طیب نے باقاعدہ تقریب کے دوران اپنی نئی سیاسی وابستگی کا اعلان کیا، اس موقع پر استحکامِ پاکستان پارٹی کے سربراہ عبدالعلیم خان اور آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس نے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا اور پارٹی کا مفلر پہنا کر استقبال کیا، تقریب میں پارٹی کے سیکرٹری جنرل نثار انصر ابدالی بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا، الیکشن دھاندلی کی 242 درخواستیں مسترد کر دی گئیں

دلچسپ امر یہ ہے کہ صرف ایک روز قبل ہی پاکستان تحریک انصاف کی مقامی قیادت نے افتخار طیب کو انتخابی ٹکٹ جاری کرنے کے لیے اعلیٰ قیادت کو باقاعدہ سفارشات ارسال کی تھیں، تاہم ان سفارشات کے سامنے آنے کے اگلے ہی روز انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے استحکامِ پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

افتخار طیب کی شمولیت سے حلقہ ایل اے5 برنالہ میں استحکامِ پاکستان پارٹی کی انتخابی پوزیشن مزید مضبوط ہو گئی ہے، جبکہ اس پیش رفت کے بعد اس حلقے میں انتخابی مقابلہ پہلے سے زیادہ سخت اور دلچسپ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles