شدید گرمی اور حبس کے ستائے شہریوں کو محکمہ موسمیات نے بارشوں کی نوید سنادی ، محکمہ موسمیات نے کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی اور حبس برقرار ہے تاہم اب محکمہ موسمیات کی نئی پیش گوئی کے بعد درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، کشمیر اور دیگر بالائی و میدانی علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بعض مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا یہ سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس سے شدید گرمی کی شدت میں واضح کمی آنے کا امکان ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں دن کے اوقات کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ دوپہر اور شام کے بعد تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختوخواہ کی صورتحال
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں عام طور پر موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم صوبے کے مختلف علاقوں جن میں دیر، سوات، چترال، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم اور اورکزئی شامل ہیں، تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔
پنجاب ، سندھ اور بلوچستان
دوسری جانب پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرمی اور حبس کی صورتحال برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم مری، گلیات، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں شام کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور حبس رہے گا، جبکہ صوبے کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے ، اسی طرح بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی شدید گرمی برقرار رہے گی، تاہم شام اور رات کے وقت خضدار اور اس کے گردونواح میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے محکمہ موسمیات نے واضح کیا کہ بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جس میں سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقام مالم جبہ میں 16 ملی میٹر جبکہ پاراچنار میں 14 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا انتباہ
محکمہ موسمیات نے جاری الرٹ میں شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی، جھکڑ اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات، کچی چھتوں، درختوں، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے تمام شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اس کے ساتھ ہی خراب موسم کے دوران شہریوں کو غیر ضروری سفر سے مکمل طور پر گریز کرنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کی خصوصی ہدایت کی گئی ہے۔