ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران نہ شکست کھائے گا اور نہ ہی کسی ڈیڈلاک کا شکار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ ایران آج بھی پوری مضبوطی، استحکام اور عزم کے ساتھ کھڑا ہے۔
باقر قالیباف نے مزید کہا کہ رہبرِ انقلاب کے قاتلوں کو اپنے جرائم کا جواب دینا ہوگا اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے گا اور انہیں اپنے اعمال کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا اور رہبرِ انقلاب کی ہدایات کے مطابق مسلمانوں اور مزاحمتی تنظیموں کی حمایت میزائل طاقت، سیاسی دباؤ اور سفارتی ذرائع سے جاری رکھے گا۔
تہران میں حماس کی لیڈر شپ کونسل کے سربراہ محمد درویش سے ملاقات کے دوران باقر قالیباف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے نفاذ کو مشکل، لیکن ممکن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے باوجود امریکا کے ساتھ ایران کے شدید اختلافات بدستور برقرار ہیں۔
باقر قالیباف نے کہا کہ مسلم ممالک کو خطے میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ انہیں یہ احساس ہو چکا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ تعاون ان کے تحفظ کی ضمانت نہیں بن سکتا۔