بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی پانچویں برسی کے موقع پر ان کی اہلیہ اور معروف اداکارہ سائرہ بانو نے اپنے مرحوم شوہر کو جذباتی انداز میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آج بھی ان کی یادوں اور زندگی کا حصہ ہیں۔
سائرہ بانو نے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے اپنے پیغام میں دلیپ کمار کو محبت سے ’’صاحب ‘‘کہہ کر یاد کیا اور لکھا کہ زندگی کی سب سے خوبصورت حقیقت یہ ہے کہ اپنے پیارے کبھی مکمل طور پر رخصت نہیں ہوتے، بلکہ یادوں کی صورت میں ہمیشہ ساتھ رہتے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ یادیں وقت کی طرح بے وفا نہیں ہوتیں بلکہ خاموشی اور ہجوم، دونوں میں لوٹ آتی ہیں اور مسکراہٹوں، باتوں اور مشترکہ لمحات کو پھر سے زندہ کر دیتی ہیں۔
سائرہ بانو نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ ان کی زندگی صرف دلیپ کمار کے ساتھ گزری نہیں بلکہ ان کے ساتھ مکمل ہوئی۔ ان کے بقول، جب تک’صاحب‘ ان کے ساتھ رہے، انہیں دنیاوی مسائل کی کبھی فکر نہیں ہوئی کیونکہ دلیپ کمار نے ہر ذمہ داری محبت، وقار اور خلوص کے ساتھ نبھائی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا دلیپ کمار کو فلمی تاریخ کے عظیم ترین اداکاروں میں شمار کرے گی، جبکہ ان کے قریبی لوگ انہیں ان کی شفقت، سخاوت اور انسان دوستی کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
سائرہ بانو نے اعتراف کیا کہ اس وقت انہیں اندازہ نہیں تھا کہ وہ تاریخ کا حصہ بن رہی ہیں اور ایک ایسی لازوال میراث کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں جسے آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے مزید لکھا کہ دلیپ کمار کو دنیا سے رخصت ہوئے پانچ برس بیت چکے ہیں، مگر وہ آج بھی ان کے دل، یادوں اور زندگی میں زندہ ہیں۔ ان کے مطابق سچی محبت وقت کی محتاج نہیں ہوتی اور نہ ہی جدائی اسے ختم کر سکتی ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوش نصیبی یہی ہے کہ انہیں دلیپ کمار سے محبت کرنے اور ان کی محبت پانے کا اعزاز حاصل ہوا، جس پر وہ ہمیشہ شکر گزار رہیں گی۔
واضح رہے کہ دلیپ کمار 7 جولائی 2021 کو ممبئی کے ایک اسپتال میں 98 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ طویل عرصے سے علالت کا شکار تھے اور عمر سے متعلق مختلف طبی مسائل کا سامنا کر رہے تھے۔