امریکا کی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر بریانا جانسن، جو ’ڈریم ڈول بری’ کے نام سے مشہور تھیں، فائرنگ کے ایک واقعے میں جان کی بازی ہار گئیں۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد واقعے کو بظاہر ٹارگٹڈ حملہ قرار دیا ہے۔
پولیس کے مطابق 21 سالہ بریانا جانسن اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے سن شائن بلیوارڈ پر اپنی لائم گرین رنگ کی لیمبرگینی یورس چلا رہی تھیں۔ اس دوران گاڑی میں ان کے ساتھ دو افراد بھی موجود تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کنارے واقع ایک رہائشی مکان سے جا ٹکرائی۔ پولیس کے مطابق بریانا جانسن موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ گاڑی میں سوار دیگر دو افراد زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کی جانب سے جاری کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے بعد گاڑی چوراہے سے گزرتے ہوئے بے قابو ہو کر ایک گھر سے ٹکرا جاتی ہے، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ فائرنگ سے کچھ دیر قبل ایک گیس اسٹیشن پر جھگڑا ہوا تھا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بریانا جانسن اور ان کے ساتھی قریبی علاقے میں ہونے والی ایک پارٹی میں شریک تھے اور واپسی کے دوران مبینہ طور پر ان کی گاڑی کا تعاقب کرنے کے بعد حملہ کیا گیا۔
بریانا جانسن سوشل میڈیا پر لائف اسٹائل، فیشن اور روزمرہ زندگی سے متعلق ویڈیوز شیئر کرنے کے باعث نوجوانوں میں خاصی مقبول تھیں۔ ان کے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر مجموعی طور پر تقریباً 5 لاکھ فالوورز تھے، جن میں ٹک ٹاک پر تقریباً 3 لاکھ 88 ہزار اور انسٹاگرام پر لگ بھگ 88 ہزار 800 فالوورز شامل تھے۔