ضلع وہاڑی کی انتظامیہ نے حضرت بابا دیوان حاجی شیر کے سالانہ عرس کے سلسلے میں 11 جولائی کو ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید کے مطابق حضرت بابا دیوان حاجی شیر کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز 9 جولائی سے ہوگا، جبکہ عرس کے اختتامی مرحلے کے باعث 11 جولائی کو ضلع بھر میں مقامی تعطیل ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس مقامی تعطیل کا تعلیمی بورڈز اور یونیورسٹیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، تمام بورڈز اور جامعات کے تحت ہونے والے امتحانات پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی سہولت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اسپتال، سیکیورٹی فورسز اور دیگر ضروری سرکاری ادارے تعطیل کے باوجود معمول کے مطابق اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عرس کے دوران زائرین کی بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر سکیورٹی، ٹریفک اور صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔