آزاد کشمیرکی سیاست میں بڑی تبدیلی نے پی ٹی آئی کی ساکھ کو بڑادھچکا دیدیا جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد اہم رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اعلان آزاد کشمیر سے مسلم لیگ (ن) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ سے ملاقات کے دوران سامنے آیا ہے جہاں اس اہم ملاقات میں آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات، موجودہ سیاسی صورتحال اور ایکشن کمیٹی کے حالیہ احتجاج کے بعد پیدا ہونے والے حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم، عوامی رابطہ مہم اور پارٹی کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کے نام اور تعداد سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کے لیے پرامن اور سازگار ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے آزاد کشمیر میں شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) تمام انتخابی حلقوں میں بھرپور حصہ لے گی کیونکہ شفاف انتخابات ہی عوام کے اعتماد اور جمہوری نظام کو مضبوط بناتے ہیں، اس لیے عوام کے ووٹ کا تحفظ اور انتخابی عمل کی ساکھ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
ملاقات میں موجود آزاد کشمیر کے وفد نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ایک منظم اور مؤثر انتخابی مہم چلائیں گے۔