وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، عدالتیں قانون اور آئین کے مطابق فیصلے سنائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی ذہنی طور پر پستی کا شکار ہے، معرکہ حق میں بھارت کوشکست کا سامنا کرنا پڑا، ایران،امریکا جنگ کو سیزفائر میں بدلا گیا، پاکستان پوری دنیا کوامن دینے میں کامیاب ہوگا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کچھ لوگ ذاتی بغض اور گھٹیا سیاست کررہے ہیں، کچھ لوگ پاکستان کو نقصان پہنچانے سے باز نہیں رہتے، پاکستان کی سیاسی اورعسکری قیادت کی تعریف دنیا کررہی ہے،پاکستان کی تعریف صرف ٹرمپ نہیں سعودیہ اورایران بھی کررہا ہے۔
رانا ثنا کا ایران امریکا جنگ کے حوالے سے کہنا تھا کہ انہیں امید ہے ایران،امریکا جنگ کاخاتمہ ہوجائے گا۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وفاق اورصوبوں نےعوام کوریلیف کیلئے اقدامات کیے، کسی میگا پروجیکٹ کو ختم کیا اور نہ کیا جائے گا، وزیراعلیٰ مریم نواز کاعوام سے کیا وعدہ پورا ہوگا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ معرکہ حق کوایک سال مکمل ہوگیا ہے، معرکہ حق کی کامیابی کےسامنے ہرچیز پیچھے رہ گئی ہے، بانی پی ٹی آئی سے کوئی ڈیل نہیں ہورہی، بانی پی ٹی آئی کے معالات عدالتوں کے سپرد ہیں، عدالتیں قانون اورآئین کے مطابق فیصلے سنائیں گی۔
قبل ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے انکشاف کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے اندر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف بھی ناراضی بڑھ رہی ہے اور کچھ عناصر ان کی بھی چھٹی کرانا چاہتے ہیں ، جیسے علی امین گنڈاپور نے ہماری بات سننا شروع کی تو انہیں ہٹا دیا گیا سہیل آفریدی بھی ہماری بات سنتے ہیں درست بات سمجھتے ہیں جس پر پارٹی کے بعض لوگ اب ان سے خوش نہیں۔
ان کاکہنا تھا گر پاکستان تحریک انصاف کوئی نیا وزیراعلیٰ لانا چاہتی ہے تو ضرور لے آئے یہ ان کا اندرونی فیصلہ ہے، تاہم پارٹی کے اندر جاری صورتحال واضح کر رہی ہے کہ سہیل آفریدی بھی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔