گھر بنائیں یا مرمت کرائیں، حکومت دے گی 5 سے 15 لاکھ روپے تک بلا سود قرض،طریقہ جانیے

گھر بنائیں یا مرمت کرائیں، حکومت دے گی 5 سے 15 لاکھ روپے تک بلا سود قرض،طریقہ جانیے

پنجاب حکومت نے کم آمدن اور بے گھر افراد کو اپنی ذاتی رہائش فراہم کرنے کے لیے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے اعلان کے بعد اس پر باضابطہ عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت نئے گھروں کی تعمیر بوسیدہ مکانات کی مرمت چھت کی تعمیر اور گھروں کی توسیع کے لیے 5 لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک کے قرضے بغیر کسی مارک اپ کے فراہم کیے جائیں گے۔

پروگرام سے استفادہ کرنے کے لیے درخواست گزار کے نام پر اپنی ملکیتی زمین یا پلاٹ ہونا ضروری ہے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ معیار کے مطابق شہری علاقوں میں زیادہ سے زیادہ 5 مرلے جبکہ دیہی علاقوں میں 10 مرلے تک کے پلاٹ کے مالکان اس سکیم کے لیے اہل ہوں گے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق نئے گھر کی تعمیر کے لیے اہل درخواست گزار 15 لاکھ روپے تک بلاسود قرض حاصل کر سکیں گے جبکہ خستہ حال گھروں کی مرمت نئی چھت ڈالنے یا رہائش کی بہتری کے لیے 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک کے قرضے دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:صرف 4,700 روپے ماہانہ قسط پر ہونڈا موٹر سائیکل گھر لے جائیں، خریداروں کے لیے بڑی خوشخبری

حکام کے مطابق قرض کی واپسی کی مدت 5 سے 7 سال رکھی گئی ہے تاکہ مستحق افراد پر مالی بوجھ کم رہے۔ اس کے علاوہ قرض لینے والے افراد کو ابتدائی تین ماہ تک کوئی قسط ادا نہیں کرنا ہوگی۔ اس رعایتی مدت کے بعد تقریباً 14 ہزار روپے ماہانہ قسط کے ذریعے قرض کی واپسی کی جا سکے گی۔

پنجاب حکومت نے واضح کیا ہے کہ قرض پر عائد ہونے والا تمام مارک اپ حکومت خود ادا کرے گی جس کے باعث مستحق افراد کو مکمل طور پر بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد کم آمدن والے خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر یا مرمت کے لیے آسان مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام پنجاب کے تمام اضلاع میں نافذ العمل ہوگا اور شفاف طریقہ کار کے تحت درخواستوں کی جانچ کے بعد قرضے جاری کیے جائیں گے۔

درخواست دینے کے خواہشمند افراد پنجاب حکومت کے آن لائن پورٹل acag.punjab.gov.pk کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے حکومت نے 0800-09100 ہیلپ لائن بھی قائم کی ہے،جبکہ شہری اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) آفس سے بھی اس سکیم کے بارے میں تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں۔

حکومت پنجاب کے مطابق اس پروگرام کا مقصد صوبے میں کم آمدن والے اور بے گھر خاندانوں کو باعزت رہائش فراہم کرنا بوسیدہ مکانات کی بحالی کو ممکن بنانا اور عوام کو سود سے پاک مالی سہولت مہیا کرنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اپنے گھر کا خواب حقیقت میں بدل سکیں۔

editor

Related Articles