ایران امریکا کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم ہفتہ وار بنیاد پر کمی کی طرف گامزن ہے۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,128.92 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، تاہم ہفتے بھر میں اس کی قیمت میں 1 فیصد سے زائد کمی متوقع ہے۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت 0.8 فیصد بڑھ کر 60.46 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 1.6 فیصد اضافے کے ساتھ 1,636.68 ڈالر جبکہ پیلیڈیم بھی 1.6 فیصد اضافے کے بعد 1,267 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا، تاہم یہ تینوں دھاتیں بھی ہفتہ وار بنیاد پر خسارے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔
ادھر امریکی ڈالر ایک ہفتے کی کم ترین سطح پر آگیا، جس سے دیگر کرنسیوں کے حامل سرمایہ کاروں کے لیے سونا نسبتاً سستا ہوگیا۔
قبل ازیں گزشتہ روز مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا ، آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 600 روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ایک تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 33 ہزار 800 روپے ہوگئی۔
ماہرین کے مطابق بین الاقوامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اضافے، عالمی معاشی بے یقینی، مختلف خطوں میں جاری کشیدگی اور محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتے رجحان کے باعث سونے کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، یہی عوامل مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں کو متاثر کر رہے ہیں۔