کراچی میں گندم کی قیمت 116 روپے فی کلوگرام تک پہنچنے کے بعد شہر میں آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے جبکہ سرکاری نرخ نامے اور مارکیٹ میں فروخت ہونے والی قیمتوں میں نمایاں فرق دیکھنے میں آ رہا ہے۔
کمشنر کراچی نے آٹے کے نئے سرکاری نرخوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ریگولر آٹے کی ہول سیل قیمت 122 روپے فی کلوگرام جبکہ ریگولر ڈھائی نمبر آٹے کی ریٹیل قیمت 125 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فائن آٹے کی ہول سیل قیمت 132 روپے اور ریٹیل قیمت 135 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے جبکہ چکی آٹے کا سرکاری نرخ 145 روپے فی کلوگرام مقرر کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زمینی صورتحال اس کے برعکس ہے شہر کے مختلف علاقوں میں ڈھائی نمبر آٹا 155 سے 160 روپے فی کلوگرام، فائن آٹا 170 سے 180 روپے فی کلوگرام جبکہ چکی آٹا تقریباً 170 روپے فی کلوگرام فروخت کیا جا رہا ہے جس کے باعث شہریوں کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ صرف کاغذوں تک محدود ہیں جبکہ دکانوں پر آٹا مقررہ قیمت سے کہیں زیادہ داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ پر یہ تنقید بھی کی جا رہی ہے کہ وہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ شہریوں اور تاجر حلقوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں سرکاری قیمتوں پر آٹا دستیاب نہیں، جس سے مہنگائی کے ستائے عوام مزید مشکلات کا شکار ہیں۔
ادھر آٹا چکی ایسوسی ایشن کراچی کے رہنما محمد انیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چکی مالکان کو گندم 125 روپے فی کلوگرام کے حساب سے مل رہی ہے جس کے بعد پسائی، بجلی، مزدوری اور دیگر اخراجات شامل ہونے پر آٹے کی قیمت 160 روپے فی کلوگرام تک پہنچ جاتی ہے ان کا کہنا تھا کہ مہنگی گندم خرید کر سرکاری نرخوں پر آٹا فروخت کرنا ممکن نہیں۔
محمد انیس نے الزام لگایا کہ انتظامیہ چھوٹی آٹا چکیوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے جبکہ سندھ فوڈ اتھارٹی بھی بغیر پیشگی نوٹس چھاپے مار کر چکیاں سیل کر رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کارروائی سے قبل نوٹس جاری کیا جائے اور اگر کوئی چکی مقررہ ایس او پیز پر عمل نہ کرے تو پھر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
اگر گندم کی قیمتوں میں اضافہ اور رسد کے مسائل برقرار رہے تو کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے اور سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔