بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ، آپریشن شعبان کامیابی سے جاری، فتنہ الہندوستان کو بھاری نقصان

بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ، آپریشن شعبان کامیابی سے جاری، فتنہ الہندوستان کو بھاری نقصان

بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کا آپریشن “شعبان” بھرپور انداز میں جاری ہے جہاں پاک فوج فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس کی مشترکہ کارروائیوں میں مزید 9 خارجی دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق تازہ کارروائیوں میں دہشت گردوں کو زمینی اور فضائی دونوں محاذوں پر مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ان کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ ہوئے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے علاقے شعبان میں جاری آپریشن کا مقصد فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے نیٹ ورک ٹھکانوں اور سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔

فورسز جدید انٹیلی جنس فضائی نگرانی اور زمینی کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کا تعاقب کر رہی ہیں جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بھی مسلسل جاری ہے تاکہ کوئی دہشت گرد فرار نہ ہو سکے۔

 تازہ کارروائی کے بعد آپریشن شعبان کے دوران ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 52 ہو گئی ہے جبکہ 5 جولائی سے اب تک بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 88 خارجی دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال اسلحہ گولہ بارود اور دیگر سامان بھی قبضے میں لیا جا رہا ہے جبکہ علاقے میں مزید اہداف کی نشاندہی کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی میں پھوٹ پڑ گئی، عمر نظیر نے سردار امان اور دیگر کے بیانات کو پالیسی کے خلاف قرار دے دیا

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد عناصر کو دوبارہ منظم ہونے یا کسی بھی قسم کی تخریبی کارروائی کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ فورسز کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن میں پاک فوج ایف سی اور بلوچستان پولیس کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کارروائیاں کی جا رہی ہیں جس کے باعث دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچستان میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن “شعبان” جاری رہے گا اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

editor

Related Articles