پاکستان کے ممتاز کارٹونسٹ ماہرِ اسلامی فنِ تعمیر سابق ڈین یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور اور علمی و ادبی حلقوں میں میکسم کے نام سے معروف پروفیسر ڈاکٹر شوکت محمود انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے علمی ادبی فنی اور تعلیمی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔
پروفیسر ڈاکٹر شوکت محمود نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ تعلیم تحقیق اسلامی فنِ تعمیر اور کارٹون آرٹ کے فروغ کے لیے وقف کیے رکھا وہ پاکستان کے ان چند شخصیات میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے انجینئرنگ فنِ تعمیر اور کارٹون سازی جیسے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں اور اپنی منفرد صلاحیتوں کے باعث ملک و بیرونِ ملک شناخت حاصل کی۔
وہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور میں بطور پروفیسر اور بعد ازاں ڈین کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔ اسلامی فنِ تعمیر کے موضوع پر ان کی تحقیق اور تدریسی خدمات کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا جبکہ بطور کارٹونسٹ میکسم ان کے تخلیق کردہ سیاسی و سماجی کارٹون کئی دہائیوں تک قارئین کی توجہ کا مرکز رہے۔
وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے پروفیسر ڈاکٹر شوکت محمود کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات علمی تحقیقی اور فنی حلقوں کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے
انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اسلامی فنِ تعمیر اور کارٹون آرٹ کے شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دیں اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان اور یو ای ٹی کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔
ڈاکٹر شوکت محمود کی وفات پر اساتذہ طلبہ انجینئرز معماروں کارٹونسٹوں اور مختلف سماجی و ادبی شخصیات نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی علمی و فنی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ان کا کہنا تھا کہ مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔