امریکی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران یکم مارچ کو کویت کی شعیبہ بندرگاہ پر ہونے والے ایرانی ڈرون حملے میں 6 امریکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق حملہ امریکی فوج کے ایک عارضی آپریشنز سینٹر کو نشانہ بنا کر کیا گیا جہاں امریکی اہلکار تعینات تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے فوجیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ حملہ اس تنازع کے دوران امریکی افواج پر ہونے والے مہلک ترین حملوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملے میں بچ جانے والے بعض فوجیوں نے مؤقف اختیار کیا کہ متعلقہ تنصیب کی سیکیورٹی کے حوالے سے پہلے ہی خدشات ظاہر کیے گئے تھے تاہم ان انتباہات پر مناسب توجہ نہیں دی گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق فوجی حکام کو پیشگی آگاہ کیا گیا تھا کہ مذکورہ تنصیب ممکنہ حملے کے خطرے سے دوچار ہے، لیکن حفاظتی اقدامات میں مطلوبہ سطح کی تبدیلی نہیں کی گئی۔
دوسری جانب امریکی حکام نے حملے کے بعد ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ ایران کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا ۔