وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے کہا ہے کہ حج 2027 سے 2030 تک کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے اور اب تک 3 لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادوشمار کے مطابق عازمین حج حج پورٹل اور موبائل ایپ “پاک حج” کے ذریعے آسانی سے اپنی رجسٹریشن کرا رہے ہیں، جس کے باعث رجسٹریشن کے عمل میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
وزارت نے بتایا کہ رجسٹرڈ عازمین میں 2 لاکھ 22 ہزار افراد نے سرکاری حج اسکیم، جبکہ 86 ہزار سے زائد افراد نے نجی حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق رجسٹرڈ عازمین میں ایک لاکھ 81 ہزار مرد اور ایک لاکھ 27 ہزار خواتین شامل ہیں، جبکہ عمر کے لحاظ سے 33 سے 44 سال کے افراد کی تعداد سب سے زیادہ یعنی ایک لاکھ 19 ہزار ہے۔ اسی طرح 61 سال یا اس سے زائد عمر کے رجسٹرڈ عازمین کی تعداد 40 ہزار بتائی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق تعلیمی اعتبار سے رجسٹرڈ عازمین میں تقریباً 3 ہزار 500 پی ایچ ڈی، 53 ہزار ماسٹرز اور 71 ہزار بیچلرز ڈگری ہولڈرز شامل ہیں، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ مختلف تعلیمی پس منظر رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں حج رجسٹریشن کرا رہے ہیں۔
وزارت نے عندیہ دیا ہے کہ آئندہ مرحلے میں حج واجبات بھی آن لائن وصول کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے نیشنل آئی ٹی بورڈ کی جانب سے تیار کردہ جدید حج مینجمنٹ سسٹم کو عازمین اور وزارت کے درمیان رابطے اور سہولت کی فراہمی کا مؤثر ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ حج 2027 سے 2030 تک کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل بدستور جاری رہے گا اور خواہشمند افراد حج پورٹل یا “پاک حج” موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔