دیامر میں سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ، شاہراہِ قراقرم بند، مسافر پھنس گئے

دیامر میں سیلابی ریلوں نے  بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ، شاہراہِ قراقرم بند، مسافر پھنس گئے

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں گزشتہ رات مختلف وادیوں میں آنے والے سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جبکہ شاہراہِ قراقرم مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے سے سیکڑوں مسافر راستے میں پھنس گئے۔

مقامی پولیس کے مطابق سیلابی ریلوں کے نتیجے میں متعدد مکانات، درخت، فصلیں، رابطہ پل، پن چکیاں اور واٹر چینلز تباہ ہو گئے۔ مختلف علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چلاس میں گورنر فارم نرسری کے قریب سیلابی ریلے کے بعد شاہراہِ قراقرم گزشتہ رات سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔ سڑک کی بندش کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بارشوں اور سیلاب کا خدشہ، ملک بھر کے ٹیلی کام آپریٹرز ہائی الرٹ

رپورٹس کے مطابق پھنسے ہوئے مسافروں میں بچے، خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں، جو شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ متاثرہ مسافروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہِ قراقرم کو جلد از جلد ٹریفک کے لیے بحال کیا جائے تاکہ وہ اپنی منزل کی جانب روانہ ہو سکیں۔

دوسری جانب متعلقہ اداروں نے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے، سڑکوں اور پلوں کی بحالی اور آمدورفت بحال کرنے کے لیے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

Related Articles