اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے آئندہ ایک سے تین گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیراثر موسم میں تبدیلی کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں معتدل بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز ہوائیں بھی چلنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کھلے مقامات، کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے نیچے کھڑے ہونے سے احتیاط برتیں۔ محکمہ کے مطابق بارش کے باعث بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

انتظامیہ کو بھی ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: چین ایک بار پھر شدید موسمی بحران کی زد میں آگیا،ٹرینیں ، پروازیں معطل

محکمہ موسمیات نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور ضرورت کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کیونکہ آئندہ چند گھنٹوں میں موسم اچانک تبدیل ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب ضلع دیامر میں طغیانی اور سیلابی ریلوں نے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی۔ ہم نیوز کے مطابق تھور میں موسلا دھار بارش کے باعث چھ سے زائد مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، جبکہ سیلابی ملبہ گھروں میں داخل ہو گیا۔

رپورٹس کے مطابق زرعی زمینیں، کھڑی فصلیں اور درخت سیلابی ریلوں کی نذر ہو گئے، جبکہ تھور کی رابطہ سڑک متعدد مقامات پر بند ہونے سے ٹریفک معطل ہو گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہو گئی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

Related Articles