ٹرمپ نے آبنائے ہرمز فیس کی شرط واپس لے لی،امریکا میں بڑی سرمایہ کاری کا مطالبہ

ٹرمپ نے آبنائے ہرمز فیس کی شرط واپس لے لی،امریکا میں بڑی سرمایہ کاری کا مطالبہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خلیجی ممالک کے لیے آبنائے ہرمز کے استعمال پر 20 فیصد فیس عائد کرنے کی شرط واپس لینے کا اعلان کر دیا، تاہم اس کے بدلے میں انہوں نے امریکا میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی فوج کی کارروائیوں کے باعث تیل کی ترسیل کا عمل جاری ہے اور آبنائے ہرمز ایران کے علاوہ دیگر بحری جہازوں کے لیے کھلی ہوئی ہے۔

انہوں نے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ، جنرل ڈین کین اور ایڈمرل بریڈ کوپر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے سمندری راستوں کی حفاظت ممکن ہوئی۔

ٹرمپ نے ایران پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قیادت اپنے ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ امریکا ایرانی بندرگاہوں اور ایرانی کارگو کے خلاف مکمل ناکہ بندی نافذ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں :ایران امریکہ کشیدگی،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں

امریکی صدر نے کہا کہ خلیجی ممالک سے 20 فیصد معاوضے کے بجائے امریکا میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی توقع ہے، جو دونوں فریقوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی،انہوں نے کہا کہ امریکا میں پہلے ہی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہو چکی ہے اور نئی سرمایہ کاری سے یہ حجم مزید بڑھ جائے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ خلیجی سرمایہ کاری کے نتیجے میں امریکا میں نئی فیکٹریاں، صنعتی پلانٹس اور جدید ٹیکنالوجی آئے گی، جس سے لاکھوں نئی اور بہتر تنخواہوں والی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا معاشی اور دفاعی میدان میں پہلے سے زیادہ مضبوط ہو رہا ہے، جبکہ ایران کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایران کبھی بھی ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔

editor

Related Articles