افغان طالبان بھارتی وی لاگرز کے ذریعے پاکستان مخالف بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے لگے

افغان طالبان بھارتی وی لاگرز کے ذریعے پاکستان مخالف  بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے لگے

افغان طالبان نے بھارتی وی لاگرز کے ذریعے پاکستان مخالف بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد پاک فضائیہ کی دہشتگردوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کو غلط انداز میں پیش کرنا اور عالمی سطح پر ہمدردی حاصل کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کی جانب سے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے اور دہشتگردوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کو مسخ شدہ انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے بھارتی وی لاگرز کی ویڈیوز میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو کبھی ہسپتال اور کبھی بچوں سے جوڑ کر دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وی لاگرز کی ویڈیوز میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ اپنے مرنے والوں کے بارے میں بیان دینے والے افراد اردو زبان بول رہے ہیں، جبکہ متعلقہ علاقوں کے زیادہ تر افراد پشتو بولتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلحہ افغانستان سے اسمگلنگ کے ذریعے پاکستان آیا، رینجرز ہیڈ کوارٹرز پر حملہ میں ملوث دہشتگرد کے سہولت کار کا اعترافی بیان

ذرائع کے مطابق اس قسم کی ویڈیوز کے ذریعے پاکستان کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنے اور پاک فضائیہ کی کارروائیوں پر سوالات اٹھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان متعدد بار یہ مؤقف اختیار کر چکا ہے کہ افواجِ پاکستان کی جانب سے کی گئی تمام کارروائیوں میں صرف دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیاں ٹارگٹڈ اسٹرائیکس تھیں اور ان میں کسی بھی معصوم شہری کی جان کو نقصان نہیں پہنچا۔

Related Articles