ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود پاکستان میں ایرانی ریال کی خرید و فروخت کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ایرانی کرنسی کی قدر میں بہتری کا رجحان بھی برقرار ہے۔
تازہ امریکی حملوں اور آبنائے ہرمز میں ایران کی جوابی کارروائیوں کے باعث خطے میں غیر یقینی صورتحال ضرور پیدا ہوئی ہے، تاہم پاکستانی خریدار مستقبل میں ایرانی ریال کی قدر بڑھنے کی توقع پر اس کی خریداری جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ایران کے مرکزی بینک کی 14 جولائی 2026 کی جاری کردہ شرح مبادلہ کے مطابق ایک امریکی ڈالر کی سرکاری قیمت 13 لاکھ 59 ہزار 712 ایرانی ریال رہی، جو ایک روز قبل 13 لاکھ 58 ہزار 323 ریال تھی اسی طرح ایک یورو کی سرکاری قیمت معمولی کمی کے بعد 15 لاکھ 50 ہزار 497 ایرانی ریال ریکارڈ کی گئی۔
ایک کروڑ ایرانی ریال کتنے پاکستانی روپے میں مل رہا ہے؟
پاکستانی اوپن مارکیٹ میں اس وقت ایک کروڑ ایرانی ریال تقریباً 6 ہزار سے 7 ہزار پاکستانی روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ 100 پاکستانی روپے کے بدلے تقریباً 4 لاکھ 89 ہزار 83 ایرانی ریال حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر اور یورو کی قیمت
ایران کے SANA ایکسچینج سسٹم کے مطابق ایک امریکی ڈالر تقریباً 14 لاکھ 96 ہزار 270 ایرانی ریال جبکہ ایک یورو 17 لاکھ 6 ہزار 216 ایرانی ریال میں ٹریڈ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب ایران کی اوپن یا بلیک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 18 لاکھ 10 ہزار سے 18 لاکھ 40 ہزار ایرانی ریال جبکہ ایک یورو 20 لاکھ 60 ہزار سے 20 لاکھ 90 ہزار ایرانی ریال کے درمیان رہی۔
سرکاری اور اوپن مارکیٹ میں فرق کیوں؟
اقتصادی ماہرین کے مطابق سرکاری اور اوپن مارکیٹ کی شرح تبادلہ میں نمایاں فرق ایران پر عائد بین الاقوامی پابندیوں، خطے میں جاری کشیدگی، غیر یقینی معاشی صورتحال اور عالمی تجارتی رکاوٹوں کا نتیجہ ہے۔
موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق ایک ایرانی ریال کی مالیت تقریباً 0.000202 پاکستانی روپے بنتی ہے، جبکہ ایک پاکستانی روپیہ تقریباً 4 ہزار 950 سے 4 ہزار 956 ایرانی ریال کے برابر ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی آتی ہے، پابندیاں نرم ہوتی ہیں اور ایران کی تیل برآمدات بحال ہوتی ہیں تو ایرانی ریال کی قدر میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہےتاہم موجودہ حالات میں زیادہ قیمت پر ایرانی ریال خریدنا سرمایہ کاروں کے لیے خطرے سے خالی نہیں۔
کرنسی ڈیلرز نے خبردار کیا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں زرمبادلہ کی قیمتیں روزانہ تبدیل ہوتی رہتی ہیں، اس لیے کسی بھی خرید و فروخت سے قبل تازہ ترین شرح تبادلہ کی تصدیق ضرور کرنی چاہیے۔