وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر ہونے والے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان گزشتہ رات سعودی عرب کے خلاف کیے گئے کھلے اور واضح حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی قابل مذمت کارروائیاں سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہیں، جو پورے خطے کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور دفاع کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور اس نازک مرحلے پر برادر ملک کے ساتھ مکمل طور پر کھڑا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور مضبوط تعلقات قائم ہیں، اور پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے کی جانے والی تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ممالک کو ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنا ہوگا تاکہ تنازعات کے بجائے مذاکرات اور تعاون کی راہ ہموار ہو سکے۔