بیرون ملک روزگار کے خواہشمند ہوشیار،حکومت کا اہم انتباہ جاری

بیرون ملک روزگار کے خواہشمند ہوشیار،حکومت کا اہم انتباہ جاری

یورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ورک ویزا یا ملازمت دلوانے کے نام پر ٹریول ایجنسیوں کو رقم ادا کرنے سے گریز کریں کیونکہ ان کا اس عمل سے کوئی قانونی تعلق نہیں۔

بیورو کی جانب سے جاری آگاہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ ٹریول ایجنسیوں کا دائرۂ کار صرف سفری ٹکٹوں کی بکنگ، ہوٹل ریزرویشن اور دیگر سفری سہولیات تک محدود ہے جبکہ بیرون ملک ملازمت یا ورک ویزا فراہم کرنا ان کے قانونی اختیارات میں شامل نہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستانی سفارتخانے بیرون ملک روزگار کے مواقع سے آگاہی اور ڈیٹا فراہمی کے لیے اقدامات تیز کریں، شہباز شریف

اعلامیے کے مطابق بیرون ملک روزگار کے حصول کے لیے امیدوار صرف بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے سرکاری فارن جابز پورٹل سے رجوع کریں۔ اس پورٹل کے ذریعے امیدوار لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسیوں کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں ملازمت کے مواقع دیکھ سکتے ہیں اور متعلقہ اداروں سے براہِ راست رابطہ بھی قائم کر سکتے ہیں۔

بیورو کا کہنا ہے کہ سرکاری پورٹل کے استعمال سے فراڈ، جعلی ملازمتوں اور غیر قانونی بھرتیوں کے امکانات میں نمایاں کمی آتی ہے، جبکہ امیدوار محفوظ اور شفاف طریقے سے بیرون ملک روزگار کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں۔

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے مزید ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی ٹریول ایجنسی یا فرد بیرون ملک ملازمت یا ورک ویزا دلوانے کے نام پر رقم طلب کرے یا دھوکا دینے کی کوشش کرے تو متاثرہ افراد فوری طور پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سے رابطہ کریں اور باقاعدہ شکایت درج کرائیں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

 یہ بھی پڑھیں :بیرون ملک ملازمت کے خواہشمندوں کیلئے اہم خبر ، 3ممالک پر ہنگری نے پابندی لگادی

بیورو نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ بیرون ملک ملازمت سے متعلق تمام معلومات اور مواقع کی تصدیق صرف سرکاری ذرائع سے کریں اور غیر مصدقہ اشتہارات، سوشل میڈیا پوسٹس یا ٹریول ایجنسیوں کے جھانسے میں آ کر کسی کو رقم ادا نہ کریں۔

editor

Related Articles