وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی سفارتخانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیرون ملک نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع تلاش کرنے کے عمل کو مزید تیز کریں اور اس حوالے سے فعال کردار ادا کریں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی سے متعلق ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف متعلقہ اداروں کی کارکردگی اور جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے، تربیتی پروگراموں کو مؤثر بنانے اور بیرون ملک ملازمتوں تک رسائی آسان بنانے پر زور دیا گیاوزیراعظم نے ہدایت کی کہ پروٹیکٹوریٹ آف امیگریشن کے پورے نظام کو ڈیجیٹائز کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو شفاف اور تیز رفتار خدمات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وزارت اوورسیز پاکستانیز، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور یوتھ پروگرامز کو ہنر مندی اور زبانوں کی تربیت کے ساتھ سرٹیفیکیشن کے معیار کو بھی یقینی بنانا ہوگا تاکہ پاکستانی افرادی قوت بین الاقوامی معیار پر پورا اتر سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی نوجوان باصلاحیت ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدام کر رہی ہے،انہوں نے سفارتخانوں کو ہدایت دی کہ وہ بیرون ملک روزگار کے مواقع کی معلومات، ضروری قابلیت اور مارکیٹ ڈیمانڈ سے متعلق ڈیٹا باقاعدگی سے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فراہم کریں۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب میں اب تک آٹھ لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق نوجوانوں کو روزگار کے لیے تیار کرنے کے لیے مختلف تربیتی پروگرام جاری ہیں جبکہ بیرون ملک پاکستانی مشنز روزگار کے مواقع اور ان کے لیے درکار اہلیت کی تفصیلات مسلسل پورٹل پر اپ ڈیٹ کریں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستانی سرٹیفیکیشن سسٹم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہم آہنگ کرنے کے لیے متعلقہ ادارے دیگر ممالک کے ساتھ روابط مزید مضبوط کریں تاکہ پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح پر بہتر مواقع حاصل ہو سکیں۔
اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔