سرکاری ملازمین کے لئے بڑی خوشخبری،ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس میں نمایاں اضافہ

سرکاری ملازمین کے لئے بڑی خوشخبری،ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس میں نمایاں اضافہ

خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے اہم مالی ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ معذور سرکاری ملازمین کے اسپیشل کنوینس الاؤنس میں بھی خاطر خواہ اضافہ کر دیا گیا ہے، محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے دونوں فیصلوں کے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔

محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس میں اضافے کا اطلاق سول سیکر ٹریٹ، وزیراعلیٰ سیکر ٹریٹ اور گورنر سیکر ٹریٹ کے گریڈ 3 سے گریڈ 22 تک کے تمام ملازمین اور افسران پر ہوگا۔

نئی شرحوں کے مطابق گریڈ 3 سے 6 کے ملازمین کو ماہانہ 6 ہزار روپے، گریڈ 7 سے 10 کے ملازمین کو 9 ہزار روپے، گریڈ 11 سے 13 کے ملازمین کو 13 ہزار روپے جبکہ گریڈ 14 اور 15 کے ملازمین کو 16 ہزار روپے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :سرکاری ملازمین کی سینیارٹی لسٹیں چھپائی نہیں جا سکتیں، عدالت کا تمام فہرستیں ویب سائٹس پر ڈالنا لازمی قرار

اسی طرح گریڈ 16 کے ملازمین کو 18 ہزار روپے، گریڈ 17 اور 18 کے افسران کو 21 ہزار روپے، گریڈ 19 کے افسران کو 28 ہزار روپے، گریڈ 20 کو 35 ہزار روپے، گریڈ 21 کو 42 ہزار روپے جبکہ گریڈ 22 کے افسران کو ماہانہ 52 ہزار روپے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس ملے گا۔

محکمہ خزانہ کے مطابق نئی شرحوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے کر دیا گیا ہے، جس سے سیکریٹریٹ کے ہزاروں ملازمین اور افسران مستفید ہوں گے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے معذور سرکاری ملازمین کے لیے بھی بڑا ریلیف دیتے ہوئے اسپیشل کنوینس الاؤنس میں اضافہ کر دیا ہے۔

محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق معذور سرکاری ملازمین کا ماہانہ اسپیشل کنوینس الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسپیشل کنوینس الاؤنس میں اضافے کا اطلاق بھی یکم جولائی 2026 سے مؤثر ہو چکا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مہنگائی کے تناظر میں سرکاری ملازمین، خصوصاً معذور ملازمین کو بہتر مالی سہولت فراہم کرنا اور ان کی مشکلات میں کمی لانا ہے۔

editor

Related Articles