وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں پنک سالٹ (گلابی نمک) کی صنعت، برآمدات اور روزگار کے فروغ کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا جبکہ ضلع خوشاب کے علاقے قائد آباد کے قریب 110 ایکڑ پر جدید پنک سالٹ منرل پروسیسنگ زون قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مجوزہ پروسیسنگ زون میں 200 سے زائد صنعتی یونٹس قائم کیے جائیں گے جہاں 150 ملین ڈالر تک کی سرمایہ کاری متوقع ہے اس منصوبے سے تقریباً 10 ہزار افراد کے لیے براہِ راست روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بزنس فیسلیٹیشن سینٹر اور ماڈل ریٹیل آؤٹ لیٹس بھی قائم کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق نئی فنانسنگ اسکیم کے تحت پنک سالٹ کی پروسیسنگ، گرائنڈنگ، ریفائننگ، صفائی اور پیکجنگ سے وابستہ نئے سرمایہ کاروں کو 50 لاکھ روپے سے 5 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ قرض کی واپسی کی مدت پانچ سال مقرر کی گئی ہے تاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے سرمایہ کار بھی اس شعبے میں آسانی سے سرمایہ کاری کر سکیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اگر پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن پر توجہ دی جائے تو پاکستان سالانہ 300 ملین ڈالر تک اضافی زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے۔ حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں پنک سالٹ کی بولی 471 ملین روپے تک پہنچی جبکہ دوسرے مرحلے میں اب تک 2.5 ارب روپے کی پیشکشیں موصول ہو چکی ہیں مزید یہ کہ مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ میں لیز اور لائسنس کی نیلامی کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے سے حکومتی ریونیو میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم نہ صرف روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا کرے گی بلکہ برآمدات اور حکومتی آمدنی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈیشن کے ذریعے پنک سالٹ سے تیار ہونے والی پیکنگ، پروسیسڈ اور آرائشی مصنوعات کی عالمی منڈی میں مانگ مزید بڑھے گی۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا پنک سالٹ اب دنیا بھر میں Made in Pakistan کے نام سے اپنی شناخت بنائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو قدرت نے دنیا کے بہترین پنک سالٹ کے ذخائر سے نوازا ہے اور حکومت ان قدرتی وسائل کو قومی امانت سمجھتے ہوئے شفاف انداز میں استعمال کرے گی۔
انہوں نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواستیں جمع کرا کے اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں اور پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن انڈسٹری میں سرمایہ کاری کریں، تاکہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور مقامی صنعت کو مزید فروغ حاصل ہو۔