بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے نئے سفری قوانین نافذ

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے نئے سفری قوانین نافذ

حکومت پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سفری قواعد مزید واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی پاسپورٹ پر پاکستان آنے والے ایسے پاکستانی، جن کا قومی شناختی کارڈ برائے سمندر پار پاکستانیز (نیکوپ) زائد المیعاد، غیر مؤثر یا منسوخ ہو چکا ہے، وہ ویزا کے بغیر پاکستان میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

حکومتی ترجمان نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی تردید کی جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ برطانیہ کے تمام پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے نیکوپ کے ذریعے پاکستان میں داخلے کی سہولت ختم کر دی گئی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ایف بی آر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر نئی شرط عائد کر دی

ترجمان نے واضح کیا کہ جن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے پاس درست اور فعال نیکوپ موجود ہےوہ پہلے کی طرح اپنے غیر ملکی پاسپورٹ پر بغیر ویزا پاکستان کا سفر کر سکتے ہیں۔

حکومت کے مطابق نئی ہدایات کسی ایک ملک تک محدود نہیں بلکہ برطانیہ، امریکا، یورپی ممالک، خلیجی ریاستوں اور دنیا کے دیگر ممالک سے آنے والے تمام پاکستانیوں پر یکساں طور پر لاگو ہوں گی۔

نئے قواعد کے تحت اگر کسی مسافر کا نیکوپ زائد المیعاد، غیر مؤثر یا منسوخ ہو چکا ہو تو اسے سفر سے قبل پاکستانی سفارت خانے یا قونصل خانے سے ویزا حاصل کرنا ہوگا یا نیا نیکوپ بنوانا ہوگا بصورت دیگر اسے پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  یہ بھی پڑھیں :نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی امریکا میں امیگریشن سے متعلق نئے قوانین نافذ

حکومت نے تمام ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ صرف ایسے مسافروں کو بورڈنگ کی اجازت دیں جن کے پاس کارآمد نیکوپ، مؤثر پاکستانی پاسپورٹ یا پاکستان کا درست ویزا موجود ہو۔

اس مقصد کے لیے ایئر لائنز کے اسٹیشن منیجرز کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے عملے کو نئی ہدایات سے آگاہ کریں اور بورڈنگ کے وقت مسافروں کے سفری دستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال یقینی بنائیں۔

editor

Related Articles