فیفا ورلڈ کپ کے اختتام پر شاندار تقریبات کا انعقاد کوئی نئی روایت نہیں مگر ماضی کے عالمی کپ مقابلوں کی تقاریب کے برعکس فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فائنل سے قبل ہونے والی اس اختتامی تقریب کو غیر معمولی وسعت اور عالمی تفریحی رنگ دینے کی تیاری کی گئی ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کی شاندار اختتامی تقریب فائنل میچ سے قبل اتوار 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی، جہاں دنیا بھر کے معروف فنکار اپنی شاندار پرفارمنسز کے ذریعے فٹ بال کے اس تاریخی ایونٹ کا جشن منائیں گے۔
اس عالمی تقریب میں مشہور ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز، عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ لورا پوزینی، نکول شرزنگر، روبی ولیمز اور معروف انٹرنیٹ شخصیت آئی شو سپیڈ سمیت دیگر عالمی فنکار خصوصی شرکت کریں گے اور لائیو پرفارمنسز پیش کریں گے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل امریکہ کا قومی ترانہ ایوارڈ یافتہ عالمی سپر اسٹار جینیفر ہڈسن پیش کریں گی۔ جینیفر ہڈسن، جو ایمی، گریمی، آسکر اور ٹونی ایوارڈز حاصل کر چکی ہیں، اپنی منفرد آواز اور انداز کے ساتھ اس تاریخی موقع کو یادگار بنائیں گی۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 اختتامی تقریب میں عالمی ستاروں کی شرکت
یہ ستاروں سے سجی تقریب فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران تین میزبان ممالک اور 16 میزبان شہروں میں 48 ٹیموں کے ناقابلِ فراموش سفر کو خراج تحسین پیش کرے گی۔
تقریب میں موسیقی، ثقافت اور فٹ بال کے امتزاج کے ذریعے دنیا بھر کے شائقین کے لیے ایک یادگار تجربہ پیش کیا جائے گا۔
لورا پوزینی، نکول شرزنگر، روبی ولیمز اور آئی شو سپیڈ کی لائیو پرفارمنسز اس جشن کا اہم حصہ ہوں گی، جبکہ ٹام کروز کی خصوصی شرکت تقریب کی کشش میں مزید اضافہ کرے گی۔
فائنل سے پہلے کے انتظامات
فیفا ورلڈ کپ 2026 کی اختتامی تقریب کے لیے میچ سے قبل تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، یہ تقریب موسیقی اور تفریح کی دنیا کے بڑے ناموں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گی، جہاں شائقین کو ایک ناقابلِ فراموش جشن دیکھنے کو ملے گا۔
ٹورنامنٹ کے دوران 48 ٹیموں کی شرکت نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کو تاریخی بنا دیا، جس نے سابقہ تمام ریکارڈز توڑ دیے اور دنیا بھر میں لڑکیوں اور لڑکوں کی نئی نسل کو فٹ بال کے خواب دیکھنے کا جذبہ دیا۔
فیفا کے مطابق آنے والے دنوں میں اختتامی تقریب کے لیے مزید فنکاروں اور خصوصی مہمانوں کے ناموں کا اعلان بھی کیا جائے گا ، یہ تقریب اسی جذبے کو آگے بڑھائے گی جس کے ساتھ کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ کے عظیم اسٹیجز پر دنیا بھر سے آنے والے شائقین کا استقبال کیا گیا تھا۔
اختتامی تقریب کے ذریعے فیفا ورلڈ کپ 2026 کا سفر موسیقی، ثقافت اور فٹ بال کے حسین امتزاج کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچے گا، جس کے فوراً بعد تاریخی ٹورنامنٹ کے نئے چیمپیئن کا فیصلہ کرنے والا سنسنی خیز فائنل میچ کھیلا جائے گا۔
نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں شائقین کے لیے خصوصی سرگرمیاں
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے موقع پر اسٹیڈیم کے دروازے صبح 11 بجے کھول دیے جائیں گے، جو میچ کے آغاز سے تقریباً چار گھنٹے پہلے کا وقت ہوگا۔ اس کے بعد شائقین کے لیے مختلف سرگرمیوں، خصوصی انعامات اور میچ سے قبل تفریحی پروگرامز کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
یہ اختتامی تقریب نہ صرف فیفا ورلڈ کپ 2026 کے شاندار سفر کا جشن ہوگی بلکہ دنیا بھر کے فٹ بال مداحوں کے لیے ایک ایسا یادگار لمحہ بھی بنے گی جو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔