سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کی بقایا تنخواہوں، الاؤنسز اور انکریمنٹس سے متعلق دیرینہ مسائل کے حل کے لیے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ خزانہ سندھ نے عملی اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے، جو ملازمین کے مالی معاملات کا جائزہ لے کر قانونی پیچیدگیوں کو دور کرے گی۔
محکمہ خزانہ سندھ کے جاری کردہ فیصلے کے مطابق ملازمین کی بقایا تنخواہوں، الاؤنسز اور انکریمنٹس کی ادائیگی کے معاملات کو جلد نمٹانے کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ، ڈائریکٹر محکمہ خزانہ کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
کمیٹی میں انٹرنل آڈیٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن محکمہ خزانہ کو بطور اراکین شامل کیا گیا ہے۔
کمیٹی سرکاری ملازمین کے مالی کلیمز کی اسکروٹنی کرے گی، بقایا الاؤنسز اور انکریمنٹس سے متعلق معاملات کا جائزہ لے گی اور قانونی و انتظامی رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے ان کیسز کو جلد از جلد نمٹانے کے لیے سفارشات اور اقدامات کرے گی۔
محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری ملازمین کے مالی معاملات کو شفاف، منظم اور بروقت حل کرنا ہے تاکہ بقایا واجبات کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔