پنجاب میں سفری انقلاب کی تیاری، 5 سال میں 5 ہزار الیکٹرو بسیں چلانے کا منصوبہ

پنجاب میں سفری انقلاب کی تیاری، 5 سال میں 5 ہزار الیکٹرو بسیں چلانے کا منصوبہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں جدید اور ماحول دوست سفری نظام کے قیام کے لیے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پبلک ٹرانسپورٹ منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت آئندہ پانچ برسوں میں پنجاب بھر میں کم از کم 5 ہزار الیکٹرو بسیں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، چنیوٹ اور مری میں الیکٹرو بس سروس کا ڈیجیٹل افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کو بہتر، آرام دہ اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بڑی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔

اگست کے آخر تک 1100 الیکٹرو بسیں فعال کرنے کا ہدف

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرو بسیں صوبے کے مختلف اضلاع میں چلائی جائیں گی، جبکہ مزید 1500 بسیں رواں مالی سال کے دوران پنجاب پہنچیں گی۔

حکام کے مطابق اگست کے آخر تک یہ بسیں مکمل طور پر فعال کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ پانچ نئے اضلاع میں 10 مختلف روٹس پر 51 الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ مزید 9 اضلاع میں بھی جولائی کے اختتام تک 101 بسیں سروس کا حصہ بن جائیں گی۔

24 اضلاع میں الیکٹرو بس سروس کا آغاز

حکام نے بتایا کہ پنجاب کے 24 اضلاع میں الیکٹرو بس سروس کا دائرہ پھیلایا جا رہا ہے۔ لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، چنیوٹ اور مری کے لیے خصوصی روٹس مختص کیے گئے ہیں، جبکہ دیگر اضلاع میں بھی مرحلہ وار یہ سہولت فراہم کی جائے گی،گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، ملتان، وہاڑی، قصور، لودھراں، ننکانہ صاحب اور نارووال میں بھی جلد الیکٹرو بسیں چلانے کا منصوبہ ہے۔

200 ارب روپے کا بڑا منصوبہ

مریم نواز شریف کے مطابق الیکٹرو بس منصوبہ 200 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے، جو پاکستان کا سب سے بڑا عوامی پبلک ٹرانسپورٹ منصوبہ ہوگا،انہوں نے کہا کہ 5 اگست تک 1100 بسیں پنجاب پہنچ جائیں گی اور اگست کے آخر تک انہیں مکمل طور پر آپریشنل کر دیا جائے گا۔

روزانہ 3 لاکھ سے زائد مسافر مستفید

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ اس وقت الیکٹرو بس سروس سے روزانہ سفر کرنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ مستقبل میں اس تعداد میں مزید اضافے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ، خواتین اور بزرگ شہریوں کو مفت سفر کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ جدید سفری نظام سے فائدہ اٹھا سکیں۔

ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا نیا دور

مریم نواز شریف نے منصوبے پر پیش رفت پر وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں صاف، جدید اور عوام دوست ٹرانسپورٹ نظام کی بنیاد رکھی جا رہی ہے، جو شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ماحول کو بھی بہتر بنانے میں مدد دے گا۔

editor

Related Articles