مری اور کوٹلی ستیاں کے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان

مری اور کوٹلی ستیاں کے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان

محکمہ تعلیم پنجاب نے مری اور کوٹلی ستیاں کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے لیے موسم گرما کی تعطیلات کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اسکول 18 جولائی سے 31 جولائی 2026 تک بند رہیں گے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق مری اور کوٹلی ستیاں میں قائم تمام سرکاری اور نجی اسکول شدید گرمی کے باعث دو ہفتوں کے لیے بند رہیں گے۔ یہ فیصلہ پہاڑی علاقوں میں حالیہ دنوں کے دوران درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ طلبہ اور تدریسی عملے کو موسم کی شدت سے محفوظ رکھا جا سکے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ موسم گرما کی مختصر تعطیلات کے اختتام کے بعد تمام تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں یکم اگست 2026 سے دوبارہ معمول کے مطابق شروع ہو جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: آؤٹ سورسنگ کا تیسرا فیز، سرکاری سکولوں سے متعلق پنجاب حکومت کا اہم فیصلہ

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ تعطیلات کا مقصد طلبہ اور اساتذہ کو شدید گرمی کے دوران ریلیف فراہم کرنا ہے، جبکہ اسکول کھلنے کے بعد تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل محکمہ اسکول ایجوکیشن بلوچستان بھی صوبے کے سرد علاقوں میں واقع سرکاری اور نجی اسکولوں کے لیے موسم گرما کی مختصر تعطیلات کا اعلان کر چکا ہے۔ سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ان علاقوں کے تعلیمی ادارے 18 جولائی سے 2 اگست 2026 تک بند رہیں گے، جس کے بعد تدریسی عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

Related Articles