پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں زبردست تیزی، جون 2026 مالی سال کا کامیاب ترین مہینہ ثابت

پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں زبردست تیزی، جون 2026 مالی سال کا کامیاب ترین مہینہ ثابت

پاکستان کی آٹو انڈسٹری نے مالی سال 2025-26 کا اختتام شاندار انداز میں کیا، جہاں جون 2026 کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں ماہانہ بنیاد پر 28.9 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ اضافہ اس بات کا مظہر ہے کہ گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کے باوجود صارفین کی خریداری کا رجحان مضبوط رہا، جس کے باعث جون مالی سال کا سب سے کامیاب مہینہ ثابت ہوا۔

پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جون کے دوران مسافر گاڑیوں کی فروخت پیداوار سے بھی زیادہ رہی جو مارکیٹ میں مسلسل طلب اور سرگرمی کی عکاسی کرتی ہے۔

سوزوکی آلٹو بدستور پاکستان کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی

جون 2026 میں نئیباس سوزوکی آلٹو ایک بار پھر پاکستان کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی مسافر گاڑی رہی، اس ماڈل کی 7 ہزار 239 گاڑیاں فروخت ہوئیں، جو مجموعی مسافر گاڑیوں کی فروخت کا تقریباً نصف بنتی ہیں۔

جون کے دوران مجموعی طور پر 15 ہزار 378 مسافر گاڑیاں فروخت ہوئیں جبکہ اسی عرصے میں 15 ہزار 209 گاڑیاں تیار کی گئیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مارکیٹ میں طلب مسلسل برقرار رہی۔

جون 2026 میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیوں کی فہرست درج ذیل رہی

سوزوکی آلٹو: 7,239 یونٹس

ٹویوٹا کرولا، یارس اور کرولا کراس: 2,650 یونٹس

ہونڈا سٹی اور سوک: 2,594 یونٹس

سوزوکی سوئفٹ: 1,668 یونٹس

سوزوکی بولان: 480 یونٹس

سوزوکی کلٹس: 439 یونٹس

ہنڈائی ایلانٹرا: 237 یونٹس

ہنڈائی سوناٹا: 51 یونٹس

دیوان ہونری-Ve (الیکٹرک گاڑی): 20 یونٹس

پیداوار میں بھی آلٹو سرفہرست

گاڑیوں کی پیداوار کے حوالے سے بھی سوزوکی آلٹو پہلے نمبر پر رہی، جہاں جون میں 5 ہزار 921 یونٹس تیار کیے گئے،اس کے بعد ٹویوٹا کرولا، یارس اور کرولا کراس کی 3 ہزار 100 گاڑیاں، ہونڈا سٹی اور سوک کی 2 ہزار 692 جبکہ سوزوکی سوئفٹ کی 1 ہزار 904 گاڑیاں تیار کی گئیں۔

ایس یو ویز کی مانگ میں بھی نمایاں اضافہ

جون 2026 کے دوران ایس یو وی اور پک اپ گاڑیوں کی فروخت بھی مضبوط رہی۔ اس عرصے میں مجموعی طور پر 7 ہزار 363 یونٹس فروخت ہوئے۔

اس کیٹیگری میں ہاول/ٹینک نے 2 ہزار 720 گاڑیوں کی فروخت کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ سوزوکی فرنکس (Fronx) 1 ہزار 717 یونٹس فروخت کرکے دوسرے نمبر پر رہی، جو ملک میں کراس اوور اور ایس یو وی گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے باوجود خریدار متحرک

ماہرین کے مطابق گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات کے باوجود جون میں ریکارڈ فروخت اس بات کا اشارہ ہے کہ صارفین نے ممکنہ مہنگائی سے پہلے خریداری کو ترجیح دی۔

سستی ہیچ بیک گاڑیاں خصوصاً سوزوکی آلٹو بدستور پاکستانی صارفین کی پہلی پسند بنی ہوئی ہیں، جبکہ جدید ایس یو ویز اور کراس اوور ماڈلز کی طلب میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جو ملکی آٹو مارکیٹ کی بحالی کا مثبت اشارہ ہے۔

editor

Related Articles