وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مہنگائی کے باعث گھر کی تعمیر و مرمت میں مشکلات کا سامنا کرنے والے شہریوں کے لیے نئی حکومتی اسکیم کا اعلان کر دیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولت، خصوصاً اپنی چھت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپنا گھر اسکیم کے تحت گزشتہ دو برسوں میں 2 لاکھ گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایسے افراد جن کے پاس اپنی زمین نہیں تھی انہیں 5 مرلے کے پلاٹ بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں کئی خاندان گھروں کی تعمیر یا مرمت کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے، اسی لیے حکومت نے گھر کی چھت بہتر بنانے کے لیے مالی معاونت کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ شہریوں کو گھر کی چھت کی مرمت کے لیے 5 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان کی حکومت صرف لاہور تک محدود نہیں بلکہ پورے صوبے میں ترقیاتی کام کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے اسکولوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور ہر تحصیل میں نواز شریف اسکول قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے 25 ارب روپے کی لاگت سے پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت روزانہ 12 لاکھ بچوں کو دودھ کا ڈبہ اور بسکٹ فراہم کیے جا رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے اسکولوں میں بچوں کے داخلوں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ایئرکنڈیشنڈ بس سروس شروع کی جا رہی ہے، جبکہ صوبے بھر میں واسا کے نظام کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رہنے والا ہر شہری ان کی ذمہ داری ہے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور خواتین کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی، خصوصاً مصنوعی ذہانت (AI) اور مشین لرننگ کی تعلیم حاصل کریں تاکہ مستقبل کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔