پنجاب حکومت نے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے ایک اور سہولت متعارف کرا دی اب شہری لائسنس سینٹرز کے چکر لگانے کے بجائے ای خدمت مراکز سے بھی لرنر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے تحت قائم 15 ای خدمت مراکز پر شہریوں کو لرنر ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دینے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے، جہاں درخواست دینے کے بعد موقع پر ہی لرنر لائسنس جاری کر دیا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق لرنر ڈرائیونگ لائسنس 6 ماہ تک مؤثر رہتا ہے، جبکہ شہری صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ای خدمت مراکز سے یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں،مزید معلومات کے لیے ہیلپ لائن ekhidmat.punjab.gov.pk اور نمبر 1317 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب پنجاب بھر کے شہری اب گھر بیٹھے موبائل فون کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید بھی کروا سکیں گے، دستک ایپ پر لائسنس سروسز منتقل کیے جانے کے بعد پورا نظام آن لائن کر دیا گیا ہے۔
آن لائن نظام کے تحت شہری اپنی معلومات درج کرنے، ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے اور فیس کی ادائیگی کے بعد لائسنس کی تیاری اور ڈیلیوری کا اسٹیٹس بھی آن لائن چیک کر سکتے ہیں۔
لائسنس تجدید کے لیے ضروری دستاویزات
پاسپورٹ سائز تازہ تصویر
شناختی کارڈ کی فرنٹ اور بیک تصویر
پرانے ڈرائیونگ لائسنس کی فرنٹ اور بیک کاپی
50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے سرکاری ڈاکٹر سے تصدیق شدہ میڈیکل سرٹیفکیٹ
فعال موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس
دستک ایپ کے ذریعے اپلائی کرنے کا طریقہ
شہری پہلے پلے اسٹور یا ایپ اسٹور سے Dastak App ڈاؤن لوڈ کریں اور شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر اور نام درج کر کے اکاؤنٹ بنائیں۔
لاگ اِن کرنے کے بعد Driving License Services میں جا کر Regular Driving License Renewal کا آپشن منتخب کریں فارم میں لائسنس نمبر، شناختی کارڈ نمبر، تاریخ پیدائش اور لائسنس کیٹیگری درج کرنے کے بعد مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کریں۔
درخواست مکمل ہونے پر سسٹم کی جانب سے PSID نمبر جاری کیا جائے گا، جس کے ذریعے موبائل بینکنگ، انٹرنیٹ بینکنگ یا اے ٹی ایم سے سرکاری فیس ادا کی جا سکتی ہے۔
فیس کی ادائیگی کے بعد درخواست فائنل جمع کروائی جا سکتی ہے، جبکہ شہری DLIMS یا دستک ایپ کے ذریعے درخواست کا اسٹیٹس بھی چیک کر سکتے ہیں۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ لائسنس کی معیاد ختم ہونے سے پہلے تجدید کے لیے درخواست دیں، بصورت دیگر لیٹ فیس خودکار طور پر شامل کر دی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق درخواستوں میں تاخیر کی بڑی وجوہات میں شناختی کارڈ یا لائسنس کی دھندلی تصاویر اپ لوڈ کرنا، غلط معلومات درج کرنا، فیس ادائیگی کے بعد فائنل سبمٹ نہ کرنا اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی جانب سے میڈیکل سرٹیفکیٹ شامل نہ کرنا شامل ہیں۔