سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری، الاونس میں 100 فیصد اضافہ

سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری، الاونس میں 100 فیصد اضافہ

خیبر پختونخوا حکومت نے اٹارنی کیڈر کے سرکاری افسران کو بڑا مالی ریلیف دیتے ہوئے ان کے پرفارمنس الاؤنس میں 100 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ صوبائی کابینہ نے اس فیصلے کی باضابطہ منظوری دی جس کے بعد متعلقہ افسران کو نئے قواعد کے مطابق الاؤنس ادا کیا جائے گا۔

صوبائی کابینہ کے فیصلے کے مطابق اٹارنی کیڈر افسران کو پہلے بنیادی تنخواہ کا 60 فیصد پرفارمنس الاؤنس دیا جا رہا تھا جسے اب بڑھا کر 100 فیصد کر دیا گیا ہے۔ حکومت کے مطابق نیا الاؤنس 2022 کی ابتدائی بنیادی تنخواہ کے مساوی ہوگا تاہم یہ رقم پنشن اور گریجویٹی کا حصہ نہیں بنے گی۔

جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پرفارمنس الاؤنس انکم ٹیکس کے دائرہ کار میں آئے گا اور اس پر قابلِ اطلاق ٹیکس کی کٹوتی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اگر کوئی افسر غیر معمولی (Extraordinary) رخصت، طویل چھٹی یا معطلی کی مدت میں ہوگا تو اس عرصے کے دوران اسے یہ الاؤنس ادا نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی کا بل کب آئے گا؟ حکومت نے صارفین کے لیے نیا شیڈول جاری کر دیا

حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ سہولت صرف اٹارنی کیڈر کے افسران کے لیے مخصوص ہے۔ غیر اٹارنی کیڈر افسران، مارکیٹ بیسڈ کنٹریکٹ پر تعینات ملازمین یا خصوصی پیکیج پر خدمات انجام دینے والے افسران اس الاؤنس کے اہل نہیں ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق اس فیصلے کے ساتھ ہی اٹارنی کیڈر افسران کے پرفارمنس الاؤنس سے متعلق ماضی میں جاری کیے گئے تمام نوٹیفکیشنز اور احکامات بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں جبکہ آئندہ ادائیگیاں نئے منظور شدہ قواعد کے مطابق کی جائیں گی۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اٹارنی کیڈر کے افسران کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بہتر بنانا سرکاری مقدمات کی مؤثر پیروی کو یقینی بنانا اور قانونی شعبے میں خدمات انجام دینے والے افسران کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ حکام کے مطابق بہتر مراعات سے قانونی امور میں استعداد کار اور کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

editor

Related Articles