سریا، سیمنٹ، اینٹ اور مزدوری کے سرکاری ریٹس میں بڑی تبدیلی، نئی فہرست جاری

سریا، سیمنٹ، اینٹ اور مزدوری کے سرکاری ریٹس میں بڑی تبدیلی، نئی فہرست جاری

محکمہ خزانہ پنجاب نے سرکاری تعمیراتی منصوبوں کے لیے مارکیٹ ریٹس سسٹم (MRS) کی دوسری ششماہی 2026 کی نئی فہرست جاری کر دی ہے جس کا اطلاق یکم جولائی سے 31 دسمبر 2026 تک ہوگا۔

نئی فہرست میں تعمیراتی سامان، مزدوری اور مختلف ترقیاتی کاموں کے تازہ سرکاری نرخ شامل کیے گئے ہیں جن کی بنیاد پر صوبے بھر میں سرکاری ترقیاتی منصوبوں کے تخمینے ٹینڈرز اور تعمیراتی لاگت کا تعین کیا جائے گا۔

محکمہ خزانہ کے مطابق نئی ایم آر ایس فہرست میں سریا، سیمنٹ، اینٹ، ریت، بجری، کنکریٹ، پلستر، فرش، چھتوں، سڑکوں، سیوریج، پائپ لائنز، ڈرینیج، فٹنگز، الیکٹریکل اور دیگر تعمیراتی کاموں کے سرکاری ریٹس کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی لاگت موجودہ مارکیٹ قیمتوں کے مطابق طے کی جا سکے۔

جاری کردہ سرکاری نرخوں کے مطابق گریڈ 40 سریے کا بنیادی نرخ تقریباً 11 ہزار 727 روپے فی من جبکہ گریڈ 60 سریے کا بنیادی نرخ 11 ہزار 992 روپے فی من مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح کٹنگ، بینڈنگ، بچھائی اور بائنڈنگ سمیت گریڈ 40 سریے کی مکمل لاگت تقریباً 12 ہزار 45 روپے فی من اور گریڈ 60 سریے کی مجموعی لاگت 12 ہزار 317 روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی کا بل کب آئے گا؟ حکومت نے صارفین کے لیے نیا شیڈول جاری کر دیا

محکمہ خزانہ کے مطابق نئی فہرست میں مختلف تعمیراتی کاموں کے کمپوزٹ ریٹس بھی شامل کیے گئے ہیں جن میں سیمنٹ، اینٹ، ریت، بجری، اسٹیل، مزدوری اور دیگر ضروری اخراجات کو یکجا کرکے سرکاری منصوبوں کے لیے معیاری لاگت مقرر کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 222 صفحات پر مشتمل نئی مارکیٹ ریٹس فہرست میں تعمیراتی شعبے کے 27 مختلف چیپٹرز شامل کیے گئے ہیں جن کے تحت عمارتوں شاہراہوں، پلوں، نکاسی آب، سیوریج، سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے تخمینے تیار کیے جائیں گے۔

ماہرین کے مطابق ایم آر ایس کی نئی فہرست جاری ہونے سے سرکاری ترقیاتی منصوبوں کے لاگت کے تخمینوں میں شفافیت آئے گی ٹینڈرز موجودہ مارکیٹ نرخوں کے مطابق جاری کیے جا سکیں گے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل میں بھی آسانی ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ تعمیراتی شعبے سے وابستہ ٹھیکیداروں، انجینئرز، کنسلٹنٹس اور سرکاری اداروں کو ایک یکساں ریٹ لسٹ میسر آئے گی، جس سے تخمینوں میں اختلافات کم ہوں گے۔

محکمہ خزانہ نے تمام متعلقہ محکموں، ترقیاتی اداروں اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ یکم جولائی 2026 سے 31 دسمبر 2026 تک سرکاری منصوبوں کے تمام تخمینے ٹینڈرز اور ادائیگیاں نئی مارکیٹ ریٹس فہرست کے مطابق تیار اور عمل میں لائی جائیں۔

editor

Related Articles